آئی سی سی ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، میزبان ٹیم نے 192 رنز کا ہدف 31 ویں اوور میں 3 وکٹوں پر پورا کرلیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے بڑے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، گرین شرٹس میگا ایونٹ میں شکست کی تاریخ بدلنے میں ایک بار پھر ناکام ہوگئے۔
بھارت نے پاکستان کا 192 رنز کا ہدف 30.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔ شریاس ائیر 53 اور کے ایل راہول 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جسپریت بمرا کو 19 رنز دے کر 2 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے بڑے میچ میں پاکستان کے 192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گر گئی، شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر شبمن گل 16 رنز بنا کر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی دوسری وکٹ ویرات کوہلی کی صورت میں گری وہ بھی 16 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
بھارتی کپتان روہت شرما 63 گیندوں پر جارحانہ 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر افتخار احمد نے ان کا کیچ پکڑا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل احمد آباد میں کھیلے گئے اہم میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان ٹیم 42.5 اوورز میں 191 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستانی اوپنرز نے بھارت کیخلاف پراعتماد آغاز کیا، عبداللہ شفیق اور امام الحق نے ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم عبداللہ شفیق 20 اور امام الحق 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپنرز کے 73 رنز پر پویلین لوٹنے کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو کچھ سنبھالا، دونوں کے درمیان 83 رنز کی قابل قدر شراکت قائم ہوئی تاہم کپتان 50 اور وکٹ کیپر بیٹر 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان ٹیم کے آخری 8 وکٹیں صرف 36 رنز کے اضافے سے گر گئیں، دیگر کھلاڑیوں میں سعود شکیل 6، محمد افتخار 4، شاداب خان 2، محمد نواز4، حسن علی 12 اور حارث رؤف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شاہین شاہ آفریدی 2رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بومرا، محمد سراج، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا اور کلدیپ یادیو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں یہ پہلی شکست ہے، گرین شرٹس اس سے قبل نیدر لینڈز اور سری لنکا کو شکست دے چکے ہیں، بھارت ایونٹ میں تیسری کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر آگیا ہے، پاکستان کی چوتھی پوزیشن ہے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شبمن گل کی واپسی ہوگئی،کوشش ہوگی اچھا کھیل پیش کریں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے باؤلنگ ہی کرتے،ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں :۔بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اورٹیم مینجمنٹ کے اجلاس میں بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اورکہا گیا ہے کہ سری لنکا کیخلاف کھیلے والی ٹیم ہی بھارت کیخلاف کھیلے گی
یہ بھی پڑھیں :۔ورلڈ کپ : سری لنکا کیخلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون فائنل کرلی گئی
دوسری جانب پاکستانی شائقین کرکٹ پرجوش ہیں کہ شاہین بھارتی سورماوں کو دھول چٹا کر ورلڈ کپ میں فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔شاہین بھارتی کراوڈ کا پریشر نہ لیں پورا پاکستان آپ کے ساتھ ہے۔
یہ بھی پڑھیں :۔ورلڈ کپ 2023ء: پاکستان نے سری لنکا کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرلیا، 6 وکٹ سے کامیاب
شائقین کرکٹ کاکہنا ہے کہ بابر اور شاہین کا فارم میں آنا ضروری ہے،فخر زمان اور اُسامہ میر کو ٹیم میں شامل کریں جبکہ نسیم شاہ کی کمی بہت محسوس ہوگی، قومی کھلاڑی شاندار کھیل کا مظاہرہ کریں اور اعصاب پر قابو رکھیں تو جیت ہماری ہی ہوگی۔