انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023ء کے 8 ویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کا 345 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کرکے 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی، محمد رضوان نے ناقابل شکست 131 رنز کی اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، عبداللہ شفیق نے بھی سنچری اسکور کی۔
پاکستان ٹیم کو سری لنکا کے 345 رنز ہدف کے تعاقب کے آغاز میں دو بڑے نقصانات اٹھانے پڑے جب امام الحق اور بابر اعظم صرف 37 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں کے درمیان 176 رنز کی قابل قدر شراکت قائم ہوئی۔
عبداللہ شفیق 213 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 103 گیندوں پر 113 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، سعود شکیل بھی 31 رنز بنا کر وکٹ گنوا گئے۔
مزید تفصیلات جانیے : سری لنکا کیخلاف جیت: پاکستان نے کئی ریکارڈ اپنے نام کرلئے
محمد رضوان سری لنکن بولرز کے سامنے ڈٹے رہے، انہوں نے 121 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ محمد رضوان کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ افتخار احمد نے 10 گیندوں پر 22 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
پاکستان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 10 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا، قومی ٹیم کی ایونٹ میں یہ دوسری فتح جبکہ سری لنکا کی دوسری شکست ہے، اس سے قبل پاکستان نے نیدر لینڈز کو 82 رنز سے شکست دی تھی جبکہ آئی لینڈر کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کا سامن کرنا پڑا تھا۔
اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنا ڈالے، آئی لینڈرز کے دو کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کیں۔
پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں ورلڈ کپ 2023 کے راؤنڈ رابن مرحلے کے 8 ویں میچ میں بھارتی شہر حیدر آباد میں مدمقابل ہیں۔
سری لنکا کو دوسرے اوور میں 5 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب کوسل پریرا حسن علی کے گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں بغیر کوئی رنز بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کا دوسرا نقصان 18 ویں اوور میں 107 رنز پر ہوا جب شاداب خان نے پتھم نسانکا کو آؤٹ کیا۔
لنکن ٹیم کی تیسری وکٹ 218 رنز پر گری جب کوسل مینڈس 77 گیندوں پر 122 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
چرتھ اسالانکا بھی حسن علی کا شکار بنے، وہ رن بناسکے، دھننجایا ڈی سلوا 25، داسن شناکا 12، دنتھ ویلالاگے 10 اور مہیش تھیکشانا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے سدیرا سمارا وکرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 89 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے، وہ حسن علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 71 رنز دے کر 4، حارث رؤف نے 2، شاہین، نواز اور شاداب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ باؤلنگ میں پہلے 10 اوورز بہت اہم ہوں گے۔
رواں میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اپنا دوسرا دوسرا میچ کھیل رہی ہیں ، قومی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی سمیٹی تھی جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقہ نے ہرایا تھا۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں گرین شرٹس کو لنکن ٹائیگرز کے ہاتھوں کبھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔