آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کیخلاف میچ میں کون کون کھیلے گا، پلیئنگ الیون فائنل کرلی گئی۔ ذرائع کے مطابق فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تحت عالمی کرکٹ کپ کے اگلے میچ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مینجمنٹ کی ٹیم میٹنگ ختم ہوگئی، قومی ٹیم کے کپتان اور مینجمنٹ نے سری لنکا کیخلاف پلیئنگ الیون فائنل کرلی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیاء کپ میں سری لنکا کیخلاف عمدہ پرفارمنس دینے پر عبداللہ شفیق کو فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے، مسلسل ناقص کارکردگی کی وجہ سے فخر زمان کو کل سری لنکا کیخلاف میچ میں ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان اور مینجمنٹ عبداللہ شفیق کو سری لنکا کیخلاف میچ میں شامل کرنے پر مصر ہیں، ٹیم میٹنگ میں گفتگو کے دوران کہا گیا کہ عبداللہ شفیق سری لنکا کے بولرز کو اچھا کھیل سکتے ہیں اس لئے شامل کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل سری لنکا کیخلاف پلئینگ الیون میں شامل ہونگے جبکہ افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف بھی پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان ایونٹ کا دوسرا میچ سری لنکا کیخلاف کل (10 اکتوبر کو) حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلے گا، پہلے میچ میں قومی ٹیم نے نیدر لینڈز کو 82 رنز سے شکست دی تھی۔