پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بابر اعظم ، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دینے کے فیصلے کی حمایت کر دی۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کیلئے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
قومی اسکواڈ میں 6 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ بابراعظم، نسیم شاہ، سرفرازاحمد اور شاہین آفریدی کو آرام دیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق بورڈ چاہتا ہے کہ بابر اعظم سمیت چار ٹاپ کھلاڑی تازہ دم ہو کر واپس آئیں۔
بورڈ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ تینوں کھلاڑیوں کو آرام دینے کے فیصلے کی حمایت کرتا ہوں، آرام دینے سے ان کا کیریئر بہتر اور لمبا ہوگا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ سینئرز کو آرام دینے سے نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا بہترین موقع ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ مستقبل کے لیے مضبوط بینچ اسٹرینتھ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔