اسلامی نظریاتی کونسل نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لئے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ او آئی سی اجلاس میں مؤثرسفارتی اقدامات سے اسرائیل کو جارحیت سے روکا جائے اور آزاد فلسطینی ریاست کے لیے کوششیں کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ اسرائیل کی فلسطینیوں کو شمالی غزہ سے انخلا کیلئے 24 گھنٹے کی ڈیڈلائن
غزہ پراسرائیل کے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، اسرائیل شہری آبادی، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اس قضبے کا کوئی حل نکلنا ممکن نہیں۔
ایک بیان میں چیئرمین کونسل قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستانی عوام کے دل فلسطینیوں کی تحریکِ مزاحمت کے ساتھ دھڑکتے ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح کی فلسطین پالیسی کو پاکستانی عوام درست سمجھتے ہیں۔
قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ دنیا کو یہ سمجھنا چاہیے 75 سال سے اسرائیل نے فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے اور فلسطینیوں کے حقوق کو مکمل طور پر سلب کر رکھا ہے۔