وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی آمدن میں اضافے، ہائی ویز پر حفاظتی اقدامات اور سروس ایریاز کی بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات اور ان کی ٹیم کی تعریف کی، شہباز شریف کہتے ہیں این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف نیلامی ایک احسن اقدام ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں این ایچ اے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کہ دوہزارپچیس میں این ایچ اے کی آمدن 66 ارب 80 کروڑ سے بڑھ کر ایک سو 9ارب روپے ہوگئی۔2024 کی نسبت 2025 میں موٹرویز پر ایم ٹیگ کی تعداد بیس سے بڑھ کر 81 فیصد ہوگئی۔۔ہائی ویز اور موٹرویز پر ایکسل لوڈ کی پابندی کی شرح بھی 90اور 95 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
اس سال موٹرویز پر ایئرایمبولنس سروس بھی متعارف کرادی جائے گی۔ اپنے بجٹ سے لیاری ایکسپریس وے، ٹھوکر نیاز بیگ اور اسلام آباد مری ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن کی۔وزیراعظم نے وزیرمواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے جاری منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ این ایچ اے کے ٹول پلازوں کی اوپن اور شفاف نیلامی ایک احسن قدم ہے۔ موٹرویز کی مرمت کے دوران کام کے بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ،احد چیمہ اوردیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔




















