وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے شعبہ توانائی میں چین نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی ، پاکستان سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔
اسلام آباد میں چینی چیمبر آف کامرس سے متعلق تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز ون کا مقصد انفرا اسٹرکچر بنانا تھا اور فیز ٹو کا مقصد اس انفرا اسٹرکچر سے مالی اور برآمدی فوائد حاصل کرنا ہے، بدقسمتی سے پچھلے کئی سال ضائع ہوگئے لیکن پاکستان اب پھر سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین کے سی پیک منصوبوں سے 9 ہزار میگا واٹ بجلی حاصل کی گئی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چینی آئی پی پیز نے پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے نئی راہیں کھولیں اور چین کے تعاون سے بجلی بحران پر قابو پانے میں مدد ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سی پیک منصوبے سست روی کا شکار رہے، تاہم وزیراعظم، آرمی چیف سی پیک فیز 2 منصوبوں کیلئے سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔
وزیر اطلاعات
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطللاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر اچھےبرے وقت میں چین ہمیشہ ساتھ کھڑا رہا، پاکستان کو جب تاریخ کے بدترین توانائی بحران کا سامنا تھا تو اس سے چھٹکارہ دلانے کیلئے چین ہی پاکستان کی مدد کو آگے بڑھا ۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ ایک جذباتی بندھن ہے، وہ بندھن جو دہائیوں کی دوستی پر مبنی ہے اور یہ دوستی نسل در نسل منتقل ہو رہی ہے، اگرچہ ہمیں ضرورت پڑی یا نہیں چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ، جب ہمیں اس ملک کی تاریخ کے بدترین توانائی بحران کا سامنا تھا،تو یہ چینی دوست ہی تھے جو پاکستان کا توانائی بحران ختم کرنے کیلئے آگے بڑھے ۔