پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کیلئے اعلان کردہ سکواڈ سے سابق کپتان بابر اعظم سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کی وجہ بتا دی۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کیلئے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
قومی اسکواڈ میں 6 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ بابراعظم، نسیم شاہ، سرفرازاحمد اور شاہین آفریدی کو آرام دیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق بورڈ چاہتا ہے کہ بابر اعظم سمیت چار ٹاپ کھلاڑی تازہ دم ہو کر واپس آئیں۔
کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بابر اعظم اپنی نسل کے بہترین بلے باز ہیں اور پی سی بی چاہتا ہے کہ ایک ذہنی طور پر تروتازہ بابر مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرے۔
بیان میں کہا گیا کہ کھلاڑیوں کی موجودہ شکل، سیریز میں واپسی کی عجلت اور پاکستان کے بین الاقوامی شیڈول جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں اور ڈومیسٹک پرفارمرز کو انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کیا جارہا ہے۔