پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سےبلوچستان کے مختلف علاقوں میں صحت، تعلیم اور فلاحی اقدامات کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے،یکم ستمبر سےآٹھ اکتوبر کے دوران بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں سترہ مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔
سبی، ژوب، دکی، مچھ،بارکھان اور ڈیرہ بگٹی کے دور دراز علاقوں کمیں میڈیکل کیمپس لگائے گئے جن میں چھ ہزار پانچ سو اٹھانوے سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور انہیں مختلف طبی سہولیات اور ادویات فراہم کی گئیں۔
تعلیمی میدان میں بھی ایف سی بلوچستان بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔اس کے زیر انتظام تریاسی اسکولز اور کالجز کامیابی سے چلائے جا رہے ہیں۔پچھلے ایک ماہ کے دوران بلوچستان کے دور دراز علاقوں مارو، پیر کوہ، لہڑی اور مرغا کبزئی سمیت کئی دیگرعلاقوں کے اسکولز کو کتابیں، یونیفارمز اور فرنیچر فراہم کیا گیا تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول میسر ہو۔
فاضل چل،سنزیلا، چمن، جھل مگسی اور کوہلو کے ہزاروں ضرورت مند خاندانوں میں مفت راشن پیکجز بھی تقسیم کیے گئے۔ مقامی عمائدین نے ان اقدامات کو سراہا اور پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔