وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کےدوست ممالک 27 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کریں گے،ان میں سعودی عرب، یو اے ای، کویت اورآزربائیجان شامل ہیں، ایس آئی ایف سی کےتحت پاکستان کی یہ بڑی کامیابی ہے۔
وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کےساتھ منصوبوں کی فزیبلٹی سمیت دیگرامورپربات چیت جاری ہے،سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا بڑاوفد پاکستان آرہا ہے، چینی وزیراعظم بھی 11 سال بعد پاکستان کےدورے پرآرہے ہیں، چینی وزیراعظم کےدورہ پاکستان کےدوران سی پیک فیزٹو پربات چیت آگےبڑھےگی،چین کے ساتھ ایم ایل ون منصوبے کی فنانسنگ کا معائدہ جلد ہوگا، چین کے ساتھ ایم ایل ون منصوبے کے روڈ میپ پر اتفاق ہوگیا ہے، یو اے ای نے بھی پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری کیلئے پورٹ فولیوشیئرکردیا،ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ تجارت کیلئےسازگارماحول ضروری ہے۔
احسن اقبال کا کہناتھا کہ آئی ایم ایف کا3سالہ نیا قرض پروگرام پاکستان کیلئےایک نئی انشورنس پالیسی ہے،ہمیں اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اصلاحات کرنا ہوں گی، اگر ہم نے فائدہ نہ اٹھایا تو3سال بعد نئی دلدل میں پڑے ہونگے،فوج کی سیاست میں عدم مداخلت کے بارے میں ہمارے موقف کی جیت ہوئی، ہمارے مطالبے پر بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ اٹھا لیا گیا، سیاست میں عدم مداخلت کا فیصلہ کیا،عدلیہ، فوج اور پارلیمنٹ ریاست کے ستون ہیں، اب بداعتمادی سے نکلنا چاہیے، تمام اداروں کو باہمی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، وزیراعظم جلد قومی معاشی ایجنڈے کا اعلان کریں گے، ترکیہ کی طرح پاکستان میں بھی سول ملٹری سسٹم بتدریج درست ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ آہستہ آہستہ سیویلین سپیس بحال ہوگی، امن،استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اوراصلاحات پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوناچاہیے،پاکستان کی عالمی ریٹنگ میں بہتری آرہی ہے،مہنگائی میں کمی، برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہورہا ہے،پاکستان احتجاج اورانتشار کی سیاست کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔