وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ جن اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے اُن میں مارکیٹنگ اور سیلز کی حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے، اداروں کی نجکاری سے رقم کے حصول کے ساتھ ساتھ کامیابی کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیرصدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف اداروں کی نجکاری میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری میں مقابلے کی فضا اور کامیابی کے مقصد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران اداروں کی نجکاری کے لیے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔ وفاقی وزیر نے پرائیویٹائزیشن کے لیے دئیے گئے اشتہارات کو فائل کا حصہ بنانے کی ہدایت کی اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک سمیت مزید اداروں کی نجکاری پربھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی سمیت مختلف امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
کمیشن بورڈ کے اراکین نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی سمیت مختلف فیصلوں کی منظوری دے دی۔