جمیعت علمائے اسلام نے انٹرا پارٹی انتخابات مکمل کرانے کے لیے ساٹھ دن کی مہلت مانگ لی۔ الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےجے یو آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت کی،جے یو آئی کےوکیل نےبتایا کہ ہمارے نظام اوراسلام آبادوگلگت بلتستان میں الیکشن ہوچکے ہیں۔صوبائی سطح پر پارٹی انتخابات جاری ہیں جس کے بعد وفاقی سطح پر الیکشن ہوں گے۔
وکیل نےبتایا کہ ہمارے الیکشن پرکافی وقت لگتا ہے،عام انتخابات کے ابعث زیادہ تاخیر ہوئی۔وکیل جے یو آئی نے الیکشن مکمل کرانے کے لیےساٹھ دن کی مہلت مانگ لی۔ چیف الیکشن کمشنر نےجواب دیا کہ یہ تو بہت زیادہ وقت ہے،وکیل نے کہا کہ ہم ساٹھ دن سے پہلے ہی الیکشن مکمل کروا لیں گے۔آئینی ترمیم بھی ساتھ چل رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ آئینی ترمیم سے پارٹی الیکشن کا کوئی تعلق نہیں۔ الیکشن نہ کرانے پر انتخابی نشان اور پارٹی ڈی نوٹیفائی ہوسکتی ہے۔ کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔