ملائیشیا کے وزیر اعظم انور بن ابراہیم نے کی تجویز پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ تجارت کے لئے ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی کے استعمال پر زور دیا جائے۔
عالمی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے سوال و جواب کے سیشن میں انور بن ابراہیم نے تجویز پیش کی کہ دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت کرتے وقت ملائشیا مقامی کرنسی کا زیادہ استعمال کرے تاکہ امریکی ڈالر پر اپنا انحصار کم کیا جاسکے۔
ملائیشیا کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی تجارت میں مقامی کرنسی رنگٹ کے استعمال کو بڑھانے کے لیے مناسب پالیسیاں اپنا کر ڈالر سے دور ہو جائے گا۔ ملائشیا کئی ممالک کے ساتھ تجارت کے لئے مقامی کرنسیوں کے استعمال پر تبادلہ خیال کر رہا ہے۔
انور ابراہیم نے مزید کہا کہ امریکی ڈالر پر انحصار کو مکمل طور پر روکنا مشکل ہو گا، لیکن ملائیشیا رنگٹ کے استعمال میں زیادہ فعال اور جارحانہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا نے اپنے سب سے بڑے تجارتی شراکت دار انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور چین کے ساتھ مقامی کرنسیوں میں مزید تجارت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے معاہدے کیے ہیں۔
یاد رہے کہ پوری دنیا میں تجارت کا انحصار زیادہ تر امریکی ڈالرز پر کیا جاتا ہے جس کے سبب مقامی کرنسیوں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اگر اس کے بجائے یہ تجارت مقامی کرنسیوں میں کی جائے تو اس کا فائدہ براہ راست ان ممالک کو ہوگا۔
یہی وجہ ہے کہ اب دنیا کے کئی ممالک اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے مقامی کرنسیوں میں تجارت کی کوشش کررہے ہیں۔ چین اور برازیل نے ڈالر کے بجائے پہلی بار اپنی قومی کرنسیوں میں تجارت شروع کردی ہے، اس سے قبل ارجنٹائن اور بولیویا نے بھی یوآن میں لین دین کیا تھا۔