وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ تمام ملاقاتیں بے نتیجہ نہیں بلکہ سب نتیجہ خیز ہیں، بلاول اور مولانا کا مشاورت کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے ۔
رانا ثناء اللہ نے اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی بے نتیجے والی یا ہار جیت والی بات نہیں، قومی اسمبلی کا اجلاس آج ملتوی یا غیرمعینہ مدت تک ملتوی ہوجائےگا تاکہ مشاورتی عمل آگےبڑھایا جا سکے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چار دن سے خصوصی کمیٹی کی میٹنگ سیاسی اتفاق رائے کے لیے ہی تھی ، یہ ایسا موقع ہے جس پہ حکومتی اور اپوزیشن بیچز اکٹھے بیٹھے ہوئے ہیں ، نتیجہ اچھا اور خوشگوار ہوگایہ پاکستان کی عوام کے لیے پیکج ہے ، 18 سال سے لوگوں کے مقدمات لٹکے ہوئے ہیں یہ عوام کے لیے اچھا ہوگا اور خوشخبری ہوگی ، یہ آئینی پیکج کا ڈرافٹ ہے ، مسودہ تب آئے گا جب کابینہ سے منظوری ہوگی ، معاملے پر سیاسی اتفاق رائے ہے لیکن کچھ چیزوں پر لوگوں نے تجاویز دی ہیں ، کچھ چیزوں پہ پیپلز پارٹی اور کچھ چیزوں میں مولانا فضل الرحمن کی تجاویز ہیں ۔
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کل جمہوریت کا عالمی دن تھا ، جمہوریت کا یہی حسن ہے کہ مشاورت کا دائرہ کار وسیع کرتے ہیں ، اب مشاورت کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا یہ جمہوریت اور پارلیمان کے لیے اچھی چیز ہے ، اب وسیع ترمشاورت ہو رہی ہے ورکنگ پیپر سب کے پاس موجود ہے ایک ایک شک پر بحث ہو رہی ہے ، بے شک تاخیر ہو لیکن بات ایسی ہونی چاہیے جو سب کو قابل قبول ہو۔