انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقات کی ہے جس کے دوران انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پائیدار بحری انڈسٹری کے فروغ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھی جائے گی ۔
صدر مملکت کا انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران کہنا تھا پاکستان سمندری آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہے ، سمندری آلودگی پاکستان کیلئے باعثِ تشویش ہے جس سے آبی حیات متاثر ہو رہی ہیں ۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سمندری آلودگی سے ماہی گیری کے شعبے کی ترقی میں کمی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے اور سمندری ماحولیاتی نظام کی بہتری کیلئے آئی ایم او کی معاونت کا خیرمقدم کرے گا ۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا بلیو اکانومی کو اقتصادی ترقی کی حکمت عملی کے مرکزی ستون کے طور پر ترجیح دے رہے ہیں اور سمندری تجارت اور ساحلی سیاحت کے فروغ کے خواہاں ہیں ۔
انہوں نے سرمایہ کاری اورشپ بریکنگ شعبے کی ترقی کیلئے ایس آئی ایف سی کا کردار اجاگر کیا ۔