چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر فیصل واوڈا کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی سینیٹر فلک ناز کو 2 روز کے لئے معطل کردیا۔
منگل کو چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ایوان بالا کا اجلاس ہوا جس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا اور فلک ناز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور اس دوران خاتون سینیٹر کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا۔
ایوان میں اپنے خطاب کے دوران سینیٹر فیصل واواڈ نے چیئرمین بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیب ترامیم کے خلاف تھے لیکن اب انہیں ترامیم سے ریلیف لے رہے ہیں اور آج کہتے ہیں فوج سے بات کرنے پر تیار نہیں اور بات کرنے کے لیے منتیں بھی کر رہے ہیں۔
فیصل واوڈا کی تقریر کے دوران سینیٹر فلک ناز کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا جس پر چیئرمین سینیٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے الفاظ حذف کرادیے۔
سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ خاتون رکن معافی نہیں مانگیں گی تو ان کی رکنیت معطل ہوگی جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ چیئرمین صاحب ، یہی تو مسئلہ ہے معافی مانگنے پر آپ معاف کردیتے ہیں، ان کو معطل کرنا ہوگا۔
بعدازاں، چیئرمین سینیٹ نے فلک ناز کو 2 روز کے لیے معطل کر دیا۔