لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وزیر میاں اسلم اقبال سمیت 3 ملزمان کواشتہاری قرار دے دیا۔
منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج عرفان نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ میاں اسلم اقبال ، علی ملک اور شہزاد خرم کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے گئے مگر وہ گرفتار نہیں ہوئے۔
پولیس نے موقف اختیار کیا کہ تینوں ملزمان نے خود کو روپوش کر رکھا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ملزمان کو قانون کے مطابق اشتہاری قرار دینے کا حکم دے۔
عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم میاں اسلم اقبال،علی ملک اورشہزاد خرم کو اشتہاری قرار دے دیا اور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔
ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔