آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا ) نے پاکستان سٹیٹ آئل ( پی ایس او ) کے 2 اور گو کمپنی کا ایک ڈیزل کارگو منسوخ کر دیا۔
اوگرا کا نیشنل آئل سپلائی چین کو درپیشں خطرات پر ہنگامی اجلاس ہوا جس میں آئل سپلائی چین ٹوٹنے کے خدشے کے پیش نظر سخت فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں اوگرا نے پی ایس او کے دو اور گو کمپنی کا ایک ڈیزل کارگو بھی منسوخ کر دیا۔
پی ایس او کے دوکارگو منسوخ ہونے سے ایک لاکھ 10 ہزار ٹن ڈیزل کی درآمد کم ہوگی جبکہ گو کمپنی کا ایک کارگو منسوخ ہونے سے 38 ہزار ٹن ڈیزل کی درآمد کم ہوجائے گی۔
پی ایس اوکو اکتوبر ، نومبر اور گو کواکتوبر کا کارگو منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئل ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے حکام اوگرا پر برس پڑے موقف اختیار کیا کہ سمگلنگ اور اضافی ڈیزل درآمد ہونے سے ریفائنریز بری طرح متاثر ہوئی ہیں ۔
کمپنیز کا موقف تھا کہ ساڑھے 7 لاکھ ٹن ڈیزل سٹوریج میں موجود ہے اور قیمت کم ہونے سے اربوں کا نقصان ہوا۔
کمپنیز کی جانب سے تجویز دی گئی کہ حکومت ریفائنریز اور کمپنیوں کو بچانے کیلئے ڈیزل کی قیمت مزید کم نہ کرے۔
اوگرا نے اسمگلنگ پر قابو پانے کی ذمہ داری فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) پر ڈال دی۔