معروف بھارتی پاپ اور پنجابی گلوکار اے پی ڈھلوں کے گھر کے باہر کینیڈا کے شہر وینکوور میں نا معلوم شخص کی جانب سے فائرنگ کا واقع سامنے آیا ہے ۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک وڈیو میں ایک نامعلوم شخص کو گلوکار کے گھر پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کا نام روہت گاڈورا ہے جو کہ بھارتی گینکسٹر لارنس بشنوئی کے گروپ کا رکن ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بشنوئی گروپ نے اس واقع کی ذمہ داری بھی قبول کر لی ہے ، اس سلسلے میں اس گروپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں اے پی ڈھلوں کو اداکار سلمان خان کے ساتھ مبینہ رابطہ رکھنے کی وجہ سے یہ دھمکی دی گئ ہے کہ وہ اپنی حدود میں رہیں ورنہ کتے کی موت ان کا مقدر ہو گی -
واضح رہے کہ رواں سال اگست میں گلوکار اے پی ڈھلوں نے بھارتی سوپرسٹار سلمان خان کے ساتھ ایک میوزک وڈیو “ اولڈ منی “ ریلیز کیا تھا -اس کے علاوہ بشنوئی گروپ کی جانب سے رواں سال اپریل میں سلمان خان کے ممبئی میں واقع گھر گیلیکسی پر بھی فائرنگ کی گئی تھی جس میں اداکار محفوظ رہے تھے - بشنوئی گروپ اس سے قبل پنجابی گلوکار سدھو موساوالا کے قتل اور گلوکار گپی گریوال کے گھر پر بھی فائرنگ کرنے میں ملوث رہ چکا ہے -
اس واقع پر گلوکار کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا ہے کہ “ میں محفوظ ہوں - میرے لوگ محفوظ ہیں - سب کا خیال کرنے کا شکریہ ، سب کا سپورٹ میرے لیے سب سے اہم ہے “۔