قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کی متفقہ منظوری دے دی جبکہ اپوزیشن کی مخالفت اور ہنگامہ آرائی کے باوجود حکومت نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کرا لیا۔
منگل کو چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ایوان بالا کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 اور اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل منظوری کے لئے پیش کیا گیا ۔
ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وزیر قانون کی درخواست پر وقفہ سوالات مؤخر کیا گیا اور ایوان نے بحث کے بعد ترمیمی بلز کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی پہلے ہی اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل پاس کر چکی ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری کے دستخط کی صورت میں قانون بننے پر اسلام آباد میں یونین کونسل کے وارڈز کی تعداد چھ سے بڑھ کر 9 ہوجائے گی اور یوں الیکشن کمیشن کو وارڈز کی نئی حد بندیاں کرنا پڑیں گی جس کے باعث وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات چند ماہ کیلئے ملتوی ہو سکتے ہیں ۔