جون2024 تک پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ (پی ایس او) کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) دوگنا ہو کر 19.65 ارب روپے رہا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے میں ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی (او ایم سی) نے 9.82 ارب روپے کا منافع ریکارڈ کیا تھا۔
منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 27 اگست کو ہوا جس میں کمپنی کی مالی اور آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور 10 روپے فی حصص یعنی 100 فیصد کی شرح سے حتمی نقد منافع کا اعلان کیا گیا۔
مالی سال 2024 میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 39.04 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں فی حصص آمدنی 19.85 روپے تھی۔
گزشتہ سال اس مدت میں 3.54 ٹریلین روپے کے مقابلے میں خالص فروخت بڑھ کر 3.74 ٹریلین روپے ہوگئی، جو تقریبا 6 فیصد اضافہ بنتا ہے۔