لاہور میں انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنزاینڈ میڈیا ریسرچ( آئی آئی آر ایم آر)کے زیراہتمام " پاکستان میں امریکہ اور چین کے امکانی مشترکہ مفادات اور خارجہ پالیسی " کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا ہے۔
لاہور میں انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنزاینڈ میڈیا ریسرچ( آئی آئی آر ایم آر)کےسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ووڈرو ولسن انٹرنیشنل سنٹر فار سکالرز واشنگٹن مائیکل کوگل مین نے کہا پاکستان امریکہ اور چین میں ماحولیاتی ایشوز پر پل کا کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ چین طالبان میں اپنے اثرورسوخ کو پاکستان سمیت خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے استعمال کرسکتا ہے امریکہ اور چین میں کوئی سرد جنگ نہیں ہے۔
چائنہ رینمن یونیورسٹی کے پروفیسر ژاؤ نے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا چین کبھی بھی پاک امریکہ کے اسٹریٹجک تعلقات کی مخالفت نہیں کرے گا چین سمجھتا ہے کہ پاکستان کیلئے اپنی برآمدی منڈی اور دفاعی ضروریات کی خاطر امریکہ کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات ناگزیر ہیں ۔
چیئرمین انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ محمد مہدی نے کہا کہ امریکہ اور چین پاکستان کی اہمیت سے انکار نہیں کرسکتے بلاشبہ معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سی پیک اور چینی سرمایہ کاری پاکستان کیلئے ناگزیر ہے دفتر خارجہ کوچاہئیےکہ وہ امریکہ کو ان زمینی حقائق سے موثر انداز سے آگاہ کرے ۔
پروفیسر ڈاکٹر امجد مگسی، ڈاکٹر وحید خان اور ڈاکٹر رضا زیدی نے کہا کہ امریکہ اور چین کے مثبت تعلقات سے پاکستان کو فائدہ ہوگاپاکستان اور بھارت میں کشیدگی خطے کی معاشی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے امریکہ اور چین، پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔