اعلیٰ عدلیہ سے متعلق آئین میں اہم ممکنہ ترمیم کے پیش نظر 28اگست کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے جانےکا امکان ہےجبکہ دوسری طرف قومی اسمبلی کے 26اگست کے اجلاس سے قبل پی ٹی آئی نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی بلا لیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کو اٹھائیس اگست کو پارلیمنٹ کے متوقع مشترکہ اجلاس سے متعلق آگاہ کردیا۔ حکومت اور اتحادی اراکین پارلیمنٹ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری طرف صدر مملکت قومی اسمبلی اجلاس پیر 26اگست کو طلب کر رکھا ہے، جبکہ سینیٹ کا اجلاس ستائیس اگست کو شام پانچ بجےہوگا۔ قومی اسمبلی کے 26اگست کے اجلاس میں اپوزیشن کے کردار کے حوالے سے تحریک انصاف نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چھبیس اگست کو سہہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا ۔ عمر ایوب ، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور زرتاج گل سمیت دیگر ارکان قومی اسمبلی میں متوقع قانون سازی پر حکمت عملی طے کریں گے۔ پارلیمانی پارٹی کو جے یو آئی کے ساتھ معاملات پر بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔