غزہ پر اسرائیلی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 22 افراد شہید ہوگئے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران حملوں میں شہید بچوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں اب تک 370 فلسطینی شہید ہوچکے جبکہ 2200 سے زائد زخمی ہیں۔
وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ شہداء میں 20 بچے بھی شامل ہیں اور 121 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی حملوں میں ایک ہی خاندان کے 22 افراد بھی شہید ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ میں عام فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حماس کے حملوں کے جواب میں غزہ پر بڑے حملے کی دھمکی دیتے ہوئے فلسطینیوں کو غزہ خالی کرنے کی وارننگ دی تھی۔
واضح رہے کہ حماس کے اسرائیل کے مختلف شہروں پر حملوں میں اب تک 650 سے زائد یہودی ہلاک ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں فوجی بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد دو ہزار سے زائد ہے۔
حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیل کے کئی شہروں میں اہم چیک پوسٹس کا کنٹرول حاصل کرلیا جبکہ بکتر بند گاڑیاں اور بھاری اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔