عام انتخابات 2024 سے جڑے تنازعات پر اہم مقدمات سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے زیر سماعت آئیں گے ۔
سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے پنجاب میں ٹریبونلز کے قیام کے کیس پر لارجر بینچ سماعت کرے گا جبکہ این اے 97 فیصل آباد تین میں دوبارہ گنتی کا کیس بھی سنا جائے گا ۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق پنجاب کے الیکشن ٹریبونلز میں کون سے جج بیٹھیں گے ؟ اس اہم سوال پر الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے درمیان مشاورت کےبعد ، گیند پھر سب سے بڑی کورٹ میں پہنچ چکی ہے اور اس اہم مقدمہ کو 19 اگست کو چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کے سامنے مقرر کیا گیا۔
کیس کی سماعت سے پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنماؤں نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی بینچ میں شمولیت پر اعتراض اٹھا دیا ہے اور کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے حکم امتناع ختم کرنے کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے ۔
الیکشن ٹریبونلز کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا پی ٹی آئی وکیل حامد خان نے چھٹیوں پر ہونے کےباعث کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں شوکت بسرا اور سیمابیہ طاہر سمیت 5 پی ٹٰی آئی امیدواروں نے درخواست دائر کی ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نا صرف اس بینچ سے الگ ہو جائیں بلکہ بانی تحریک انصاف اور پی ٹی آئی کا کوئی بھی کیس نہ سنیں ۔
تاہم، رجسٹرار آفس نے درخواستیں یہ اعتراض لگا کر واپس کر دیں کہ ایسی استدعا ذاتی حیثیت میں دائر نہیں کی جا سکتی ۔
سپریم کورٹ میں اسی ہفتے این اے 97 میں دوبارہ گنتی کا کیس بھی سماعت کیلئے مقرر ہے ۔
جسٹس امین الدین اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل بینچ اس کیس کے علاوہ آڈیو لیکس کے مقدمے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف حکومتی اپیل پر بھی سماعت کرے گا ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابرستار نے نجی فون کالز کی آڈیو ریکارڈنگ پر سوالات اٹھاتے ہوئے ریکارڈ طلب کیا تھا۔