وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا نے کراچی کے 85 یوسیز میں فریکشنل ان ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسین مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ۔
وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے جمعرات کو بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر کراچی کی 85 یونین کونسلز (یوسیز) میں فریکشنل ان ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسین مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا اور اس موقع پر والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بلا جھجھک ویکسین لگوائیں اور قطرے پلوائیں۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ویکسینز زندگیاں بچاتی ہیں اور پولیو ویکسین بچوں کو مستقل معذوری سے بچاتی ہیں، یہ بات انتہائی اہم ہے کہ آپ اپنے بچوں کو اس خصوصی مہم کے دوران اورل پولیو ویکسین کے قطرے اور fIPV ویکسین لگوائیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر عذرا نے کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ ویکسینیٹرز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پانچ سال سے کم عمر کے زیادہ سے زیادہ بچوں تک ویکسین پہنچائی جا سکے۔
15 اگست سے 25 اگست 2024 تک جاری رہنے والی اس مہم کا مقصد کراچی کے ہائی رسک علاقوں میں تقریباً 10 لاکھ 37 ہزار چار ماہ سے پانچ سال تک کے بچوں کو fIPV ویکسین لگانا ہے، جو کہ جدید اور بے درد جیٹ انجیکٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پانچ سال سے کم عمر کے 11 لاکھ بچوں کو OPV قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
ایمرجنسی اپریشن سینٹر سندھ کے افسران نے اس موقع پر وزیر صحت کو بتایا کہ اس مہم میں تقریباً 3800 تربیت یافتہ ورکرز اور 16000 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز حصہ لے رہے ہیں، جو ہر اہل بچے کو یہ جان بچانے والی ویکسین فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا اس مہم کی کامیابی ان ورکرز کی محنت اور مقامی کمیونٹیز کے تعاون پر منحصر ہے۔
واضح رہے کہ اس مہم کا علامتی افتتاح بدھ کے روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا تھا جس سے صوبائی حکومت کی پولیو کے خاتمے کے لیے اعلیٰ سطحی عزم کا اظہار ہوتا ہے۔