انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی شکایات کے بعد کہا ہے کہ انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کے منتظمین پاکستانی شائقین اور صحافیوں کے ویزوں کےلیے کوشاں ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی سی سی کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ ویزوں کا اجرا میزبان ملک کی ذمہ داری ہے اور وہ ہمارے مکمل تعاون کے ساتھ اس پر سخت محنت کر رہے ہیں۔ معاملے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ پی سی بی کا جمعہ کو ایک بیان میں کہنا تھا کہ ویزے میں تاخیر نے بورڈ کو بہت زیادہ دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ دیکھ کر سخت مایوسی ہوئی کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے افتتاحی میچ کی کوریج کے لیے انڈین ویزا حاصل کرنے کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال کا سامنا رہا۔ شائقین کی موجودگی نہ صرف سٹیڈیم کی رونق بڑھاتی ہے بلکہ عالمی سطح پر کھیل کی کوریج اور فروغ کا باعث بھی بنتی ہے۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ ہم گذشتہ تین برسوں سے شائقین کرکٹ اور صحافیوں کے لیے ویزا جاری کرنے سے متعلق آئی سی سی کو اس کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم نے آئی سی سی کے رکن ممالک کے مابین معاہدے کے حوالے سے بھی بات کی اور تمام متعلقہ حکام کے ساتھ اپنی تشویش کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جمعرات کو دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا تھا کہ ’کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزا جاری کرنے کے معاملے پر انڈین حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ انڈین حکام انڈیا میں ورلڈ کپ دیکھنے کے خواہش مند پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو فوری ویزا جاری کریں گے۔