ترجمان ایف بی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا ۔
تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کو 40 سالوں بعد نہ صرف گولڈمیڈل جتوایا بلکہ اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے ۔
ارشد ندیم کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھانے پر وفاقی ، پنجاب اور سندھ حکومت کی جانب سے انعامات کا اعلان کیا گیاہے جس پر یہ افواہیں زیر گردش تھیں کہ ان انعامات پر مبینہ طور پر ٹیکس وصول کیا جائے گا لیکن ایف بی آر نے واضح کرتے ہوئے ان تمام بے بنیاد افواہوں کی تردید کر دی ہے ۔
ترجمان بختیار نے سماء نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشدندیم کوملنےوالی انعامی رقم پرکوئی ٹیکس نہیں لگےگا،ارشد ندیم کو ملنے والے انعامات پر انکم یا ود ہولڈنگ ٹیکس کااطلاق نہیں ہوتا،انکم ٹیکس قوانین میں اولمپکس انعامات پر ٹیکس کا ذکر نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اولمپیئن ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں،اُنکےساتھ ہرممکن تعاون کیاجائےگا،انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 156 کے تحت پرائز بانڈ اور لاٹری انعامات پرٹیکس ہے،کوئز مقابلوں کے انعامات اور کمپنیوں کی طرف سےسیل پروموشنز پر ٹیکس عائدہوتاہے۔