پاکستان کی اسپورٹس اینکر زینب عباس کیخلاف بھارت میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں زینب عباس پر 9 سال قبل ’’ہندو مخالف‘‘ ٹوئٹ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے وکیل ونیت جندل نے پاکستان کی اسپورٹس اینکر زینب عباس کیخلاف پرانی مبینہ ’’ہندو مخالف‘‘ ٹوئٹ پر ایک شکایت درج کرائی ہے، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر زینب عباس کی مبینہ ٹوئٹ وائرل ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق زینب عباس آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے بھارت میں موجود ہیں۔
Complaint against @ZAbbasOfficial filed by Advocate & Social Activist @vineetJindal19 with cyber cell Delhi Police.Requesting to lodge FIR under section 153A,295,506,121 IPC and sec67 IT Act for making derogatory remarks for Hindu faith and beliefs and for anti -Bharat… https://t.co/vctiV98wBT pic.twitter.com/f9C6I0OMuD
— Adv.Vineet Jindal (@vineetJindal19) October 5, 2023
ونیت جندل نے شکایت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہندو مخالف ٹوئٹ تقریباً 9 سال قبل ٹوئٹر اکاؤنٹ زینب لوو ایس آر کے پر پوسٹ کی گئی تھی، اس اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرکے زیڈ عباس آفیشل ہوگیا ہے، اس ایکس اکاؤنٹ کو اس وقت زینب عباس استعمال کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے زینب عباس کو کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبان کے طور پر چنا ہے، وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ’’ثقافتی مماثلت‘‘ کو فروغ دے رہی ہیں۔
ونیت نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی خاتون اینکر کیخلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعات 153اے، 295، 506، 121 اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔
بھارتی وکیل نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بی سی سی آئی سے اپیل کی ہے کہ زینب عباس کو کرکٹ ورلڈ کپ کے پریزینٹرز کی فہرست سے نکالا جائے۔
ونیت جندل نے مزید نفرت پھیلاتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو مخالف افراد کو بھارت میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔