پاکستان میں ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے مجوزہ شیڈول منظر عام پر آگیا۔ چیمپیئنز ٹرافی کیلئے تقریبا70ملین ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نےچیمپئنزٹرافی کا شیڈول تمام بورڈزکو بھجوا دیا ہے جبکہ براڈ کاسٹرز سے بھی شیڈول شئیرکردیا گیا۔ توقعات کے مطابق ہے، بھارت کے تمام میچز لاہور میں شیڈول ہیں، جب کہ پاک بھارت ٹاکرا یکم مارچ کو شیڈول ہے۔
تمام بورڈز سے مشاورت کے بعد آئی سی سی تجاویز کو حتمی شکل دے گی، منظوری کی صورت میں افتتاحی تقریب کراچی، اختتامی تقریب لاہورمیں ہوگی۔ چیمپئنزٹرافی کے وارم اپ میچزکا اسپورٹ پیریڈ 12 سے 18 فروری رکھا گیا ہے۔
گروپ اے میں بھارت اور پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ شامل ہیں، جب کہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ افغانستان اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
ایونٹ کا آغاز میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری سے کراچی میں ہوگا، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 5 مارچ کو کراچی اور 6 مارچ کو راولپنڈی میں ہوں گے، جب کہ فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہوگا، اور 10 مارچ فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب، چیمئنزٹرافی سے قبل پاکستان سہ فریقی سیریز کی میزبانی بھی کرے گا جس میں پاکستان کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہوں گی، یہ سیریز 8 فرروری سے 14 فروری تک ہوگی اور تمام میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔