واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں پنجاب بھر سے طلبہ نے شرکت کی ، تقریب سے پہلے طلبہ نے رینجرز کے جوانوں کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا ، سر سبز و شاداب پاکستان کے لیے بارڈر پر تعینات رینجرز کی کاوشوں میں طلبہ نے بھرپور شرکت کی ۔طلبہ نے گرین پاکستان انیشیٹو کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ، اس کے بعد طلبہ پریڈ دیکھنے سٹیڈیم پہنچے ۔
ہزاروں افراد شام کو واہگہ بارڈر جوائنٹ چیک پوسٹ پر پاکستان رینجرز کی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب دیکھنے پہنچے ، تقریب کے دوران نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا ، فضا ملی نغموں اور حاضرین کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی، تقریب کے دوران نعرہ تکبیر ، پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند ہوتے رہے ، پاکستان رینجرز کی ولولہ انگیز پریڈ دیکھ کر حاضرین کا جذبہ حب الوطنی مزید بڑھ گیا ۔
پاکستان رینجرز کے شیر دل جوانوں کے قدموں کی دھمک اور وطن کی حفاظت کے جذبے کی چمک نے حاضرین کا لہو خوب گرمایا ، پنڈال میں موجود بچے، بزرگ اور خواتین پُرجوش انداز میں اپنے سپاہیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے، طلبہ نے پاکستان رینجرز کی شاندار اور جاندار پریڈ دیکھنے کے بعد مسرت بھرے جذبات کا اظہار کیا ، طلبہ نے دفاع وطن کے لیے پاک افواج کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔