ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر براہ راست حملوں کا حکم جاری کر دیا۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد احکامات جاری کیے ہیں، امریکی میڈیا کے مطابق ایران تل ابیب اور حیفہ کے قریب فوجی اہداف پر ڈرون اور میزائل حملوں پر غور کر رہا ہے۔ ایران، یمن، عراق اور لبنان سے اسرائیل کو ایک ساتھ جواب دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس سے پہلے حماس نے بھی اسرائیل کو سنگین نتائج کی وارننگ دی تھی ۔ تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خلیل حیہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل پورے خطے کو آگ میں جھونک کر دنیا کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ اسرائیل کوئی معاہدہ یا ڈیل نہیں چاہتا ۔ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مکمل تحقیقات کا انتظار ہے۔ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کو کسی طرح سے بھی اسرائیلی انٹیلی جنس کامیابی قرار نہیں دیا جا سکتا،
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم لیڈر ایران آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کردیا۔ سپریم لیڈر ایران آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل نے اپنے لیے سخت سزا کی بنیادیں فراہم کردی ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین میں شہید ہونے والوں کے لیے انصاف کی تلاش کو ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں۔