خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 3 مختلف آپریشنز کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ کے پی پولیس کا ایک اہلکار شہید ہوگیا ۔
مہمند
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں خفیہ اطلاع پر پولیس کے ساتھ مل کر مشترکہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے قاری سمیت 3 دہشتگرد مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کردیئے جبکہ اسلحہ ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ برآمد بھی کیا۔
دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں خیبر پختونخوا پولیس اہلکار ابرار حسین شہید ہوئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی جس کے دوران دہشتگردوں کو گھیرےمیں لے لیا۔
آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں خارجی دہشتگرد صفت اللہ عرف ملا منصور ہلاک ہا
شمالی وزیرستان
علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشتگرد کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز امن و استحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔