وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرنے کی ہدایت کردی، شہبازشریف کی ہدایت پر وزیر پیٹرولیم نے اہم اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا ہے۔
حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کومرحلہ وار قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے ، وزیراعظم کی ہدایت پروزیر پیٹرولیم نے اہم اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا ہے ، چیئرمین اوگراکوقیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کے اثرات اور لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایات دیدی گئیں ہیں۔
ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور تیل کی مصنوعات کی اسمگلنگ پر آئل انڈسٹری کی شکایات کے تناظر میں حکومت نے عوامی تنقید کا رخ آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کی جانب موڑنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے عمل کو تیز کردیا ہے۔
حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوامی تنقید کی زد میں رہ چکی ہے حالانکہ اسے اتنی آزادی نہیں کہ وہ قرض دہندگان کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت مختلف مصنوعات پر مقررہ ٹیکس کی شرح کو تبدیل کرسکے۔
دوسری جانب تیل کی صنعت بھی حکومت پر تنقید کر رہی ہے کہ وہ سستے اور غیرمعیاری تیل کی بڑے پیمانے پر، بالخصوص ایران سے اسمگلنگ روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی۔
اسمگلنگ سے ریگولیٹڈ آئل انڈسٹری کے مارکیٹ شیئر اور منافع کو متاثر کرتی ہے جبکہ اس سے حکومت کو 230 ارب روپے سے زائد کا سالانہ خسارہ ہوتا ہے۔
اگرچہ حتمی ڈی ریگولیشن فریم ورک وفاقی کابینہ کی منظوری سے سامنے آئے گا لیکن پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کا مطلب یکساں قیمتوں کا خاتمہ ہوگا جس کے بعد تیل کمپنیاں مختلف شہروں اور قصبوں کے لیے اپنی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے آزاد ہو جائیں گی۔
اس کے نتیجے میں آئی ایف ای ایم کا طریقہ کار بھی ڈی ریگولیٹ ہوگا، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ ایک شہر سے دوسرے شہر اور ایک آئل کمپنی سے دوسری آئل کمپنی میں تیل کی مصنوعات کی قیمتیں مختلف ہوں گی۔