مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو پاکستانی نوجوانوں کو پولیس نے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی فوٹیج میں پولیس اہلکار کو نوجوان کے سر پر ٹھوکر مارتے اور ٹیزر گن سے کرنٹ لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مانچسٹر پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں نے پہلے پولیس اہلکار پر حملہ کیا اور ایک خاتون اہلکار کو زخمی کیا۔ واقعے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیاگیا۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ پولیس کے وحشیانہ رویئے خلاف چیڈل میں پاکستانی کمیونٹی میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے مانچسٹر ایئرپورٹ واقعہ کی شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کردیا۔
میئرمانچسٹر نے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر انکوائری کمیشن بنانے کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق بعد میں دو اہلکاروں کومعطل کردیا گیا۔
اینڈی برنم نے کہا کہ ڈپٹی چیف کانسٹیبل سےفوری انکوائری کے بارے میں کہا ہے، معاملےکی سنگینی کو دیکھا جا رہا ہے، پولیس کےمطابق ایک آزادانہ آفس انکوائری کرے گا، یہ آفس پولیس کنڈکٹ اور رویوں کی نگرانی کرتا ہے۔
برطانوی ارکان پارلیمنٹ یاسمین قریشیو نازشاہ اور افضل خان نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر پاکستانی نوجوانوں پر پولیس تشدد کی شدید مذمت کی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ وہ ویڈیو دیکھ کر بہت پریشان ہیں۔