وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی ) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 10 واں اجلاس ہوا جس میں مختلف شعبوں کے درمیان معاملات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء، وفاقی وصوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلٰی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے اہم شعبوں کے منصوبوں و پالیسی اقدامات پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی ، ایس آئی ایف سی کے دائرہ کار میں آنے والے اہم شعبوں کے منصوبے شامل ہیں۔
اجاس میں متعلقہ وزارتوں نے مستقبل کی کوششوں کو آگے بڑھانے کیلئے تفصیلی لائحہ عمل بھی پیش کیا جبکہ تمام صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی جانب سے کراس سیکٹورل پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی اورصوبائی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ترجیحی شعبوں میں مختلف اقدامات کیلئے کراس سیکٹورل امور پراتفاق کیا گیا۔
صوبوں نے ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف اقدامات کی تکمیل کیلئے مثبت کردار ادا کیا اور صوبوں نے ملک میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکومتی نکتہ نظر کو بھرپور اُجاگر کیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ کمیٹی نے ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اعلیٰ قیادت سے درکار فیصلوں پر غور کیا۔
جمیل احمد قریشی کی تقرری
علاوہ ازیں جمیل احمد قریشی کو ایس آئی ایف سی ڈویژن کا ایڈیشنل سیکرٹری انچارج مقرر کر دیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن نے گریڈ 21 کے افسر جمیل احمد قریشی کی تقرری کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق تقرری کا اطلاق 23 جولائی 2024 سے ہوگا۔
جمیل قریشی اس سے پہلے سرمایہ کاری بورڈ میں فرائض انجام دے رہے تھے۔