پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کا سوشل میڈیا ایپلی کیشن واٹس ایپ سے متعلق زیر گردش خبروں پر ردعمل سامنے آگیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ ایک ہفتے سے لاکھوں صارفین کے لیے موبائل فون نیٹ ورکس پر واٹس ایپ سروسز بری طرح متاثر ہیں، یہ شکایت صرف موبائل ڈیٹا استعمال کرنے والوں کی جانب سے سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موبائل ڈیٹا فراہم کرنیوالی کمپنیوں کے صارفین کی جانب سے رپورٹ کی گئی اس شکایت کی تصدیق بھی کی گئی ہے جس کے مطابق واٹس ایپ پر کال اور ٹیکسٹ میسج معمول کے مطابق موصول ہو رہے ہیں لیکن میڈیا فائلز کی ترسیل شدید متاثر ہے۔
تاہم، ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فی الحال واٹس ایپ یا کسی بھی سوشل میڈیا ایپ کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ کسی صارف کوکوئی مسئلہ درپیش ہے تو وہ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔