پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ 2024 کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
دمبولا میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر ایونٹ کے ٹاپ فور مرحلے میں رسائی حاصل کی۔
اماراتی ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے جواب میں گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے 14 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
گُل فیروزہ 62 اور منیبہ علی 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں جبکہ سعدیہ اقبال ، نشریٰ سندھو اور طوبیٰ حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
تاریخی اعزاز
قومی ٹیم ٹی 20 ویمن ایشیا کپ میں 10 وکٹوں سے میچ جیتنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔
اس سے قبل 8 مرتبہ مختلف ٹیمیں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرچکی تھیں۔
گرین شرٹس کی یہ مجموعی دوسری 10 وکٹوں کی فتح ہے، اس سے قبل 11 سال قبل آئرلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔