خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے جبکہ جنوبی سندھ کے علاقوں میں طوفان اور بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون بارشوں کا سلسلہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوا ہے،جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں اگلے 24 گھنٹے کے دوران بارشوں کے سلسلہ شروع ہو گا جو 27 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
جنوبی سندھ کے علاقوں میں آندھی طوفان اور بارشوں کے علاوہ سندھ کے ساحلی علاقوں سمیت کراچی، حیدرآباد، عمر کوٹ، میرپور خاص، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن،تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، اسلام کوٹ اور مضافاتی علاقوں میں آج رات آندھی، طوفان اور بارش متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب میں روہی، رحیم یار خان جبکہ بالائی اور وسطی پنجاب، پوٹھوہار ریجن، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخواہ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بارش کے نتیجے میں مختلف شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال اورندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات متوقع ہیں۔این ڈی ایم اے متعلقہ صوبائی اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔