اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن سمیت دیگر کارکنان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے کی،عدالت نے رؤف حسن سمیت دیگر کارکنان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا جبکہ دو خواتین کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں، پی ٹی آئی کی قیادت اور میڈیا سیل کے 12 ممبران مقدمے میں نامزد ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان روزانہ اندرونی،بیرونی طاقتوں کےساتھ ملکرملک کونقصان پہنچا رہے ہیں۔
مقدمے میں نامزد ملزمان میں وقاص احمد، رؤف حسن، آفاق علوی، حمید اللہ، ذیشان فاروق ، سید اسامہ، محمد رضوان،محمد رفیق اورسید حمزہ بھی ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان میں خاتون کارکنان فرحت خالد، اقرا الیاس اور دیگر نامعلوم افراد بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق دوران تفتیش ملزم احمد وقاص نے ریاست مخالف بیانیہ بنانے کا انکشاف کیا۔