متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے رہنما حیدر عباس رضوی کی گاڑی گن پوائنٹ پر ان کے ڈرائیور سے چھین لی گئی۔
حیدر عباس رضوی کی گاڑی چھن جانے کا واقعہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک اسپتال کے باہر پیش آیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کا مقدمہ ایم کیو ایم رہنما کے ڈرائیور کی مدعیت میں دو نامعلوم ملزمان کے خلاف گلشن اقبال تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈرائیور نے بتایا کہ حیدر عباس کا بیٹا اپنے دوست کی طبعیت خراب ہونے کے باعث اسے پٹیل اسپتال لایا تھا اور اسپتال میں بچوں کو اتارنے کے بعد وہ ویگو گاڑی پارک کر کے فرنٹ سیٹ پر بیٹھا تھا جہاں دو مسلح ملزمان آئے اور انہوں اس پر کپڑا ڈال دیا۔
ڈرائیور نے بتایا کہ بعدازاں، ملزمان میں سے ایک نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور گاڑی وہاں سے نکال کر صفورہ چوک لے آئے جہاں مجھے اتارا اور گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیاہے اور جلد از جلد ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔