مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق الیکشن کمیشن کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ای سی پی اور لیگل ٹیم نے بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کا حق رکھتا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے میں دو حلف ناموں سے متعلق ابہام موجود ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ دو حلف ناموں سے متعلق ابہام دور کرنے کیلئے ججز سے ان چیمبر رجوع کیا جاسکتا ہے۔
پی ٹی آئی کا تنظیمی ڈھانچہ نہ ہونے سے ابہام ہے مخصوص نشستوں کی لسٹیں کس کی منظور کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق ای سی پی کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق آج کے اجلاس میں فیصلہ نہ ہوسکا اور صورتحال پر مزید غور کیلئے الیکشن کمیشن کا اجلاس جمعہ کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔