ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت پر دہشتگردی کی ذمہ داری ڈالی جارہی ہے۔ ایسا کرنا وفاقی حکومت کی نااہلی ہے۔
وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف ہروقت زہریلے لہجے میں اپنا بغض نکالتے رہتے ہیں ۔ اگر یہ جنگ صوبوں نے ہی لڑنی ہے تو آپ کیا تبرک بانٹنے کیلئے وزیر دفاع بنے بیٹھے ہیں ۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف ملکی سیکورٹی جیسے اہم معاملات پر بھی سیاسی بیان بازی سے باز نہیں آتے ہیں۔ حکومت پی ٹی آئی کے خلاف بیان بازی کے بجائے ملکی دفاع پر توجہ دے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف سیکیورٹی جیسے اہم معاملات پر بھی بیان بازی سے باز نہیں آتے، اپنے فرائض میں ناکامی دوسروں کے سر ڈالنا وفاقی حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، دہشت گردی کی حالیہ لہر کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے عوام کا خون بہہ رہا ہے۔ خیبر پختونخواہ لہو لہان ہے لیکن یہ شخص پشتونوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ دہشت گردی کراس بارڈر مسئلہ ہے، ملکی سرحدوں کی حفاظت وزارت دفاع کی ذمہ داری ہے، جھوٹ اور الزامات کی سیاست خواجہ آصف کا پرانا وطیرہ ہے، خواجہ آصف کے بے ہودہ بیانات شہدا کے لواحقین کی دل ازاری کا موجب بن رہے ہیں۔