ملک میں مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جعلی پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے افغان شہری نادرا کے نشانے پر آگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی سافٹ ویئر کے ذریعے مشکوک شناختی کارڈز کی نشاندہی کی گئی، جس کے نتیجے میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے کا انکشاف ہوا۔
سافٹ ویئر نے فیملی ٹری کی کمپوزیشن دیکھ کر مشکوک افراد کی نشاندہی کی، جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد افغان باشندوں کی نکلی ۔
ذرائع کے مطابق پشین، چمن اور کوئٹہ میں مقیم پاکستانیوں کی فیملی ٹری میں افغان باشندوں کو شامل کیا گیا، جبکہ ایجنٹوں نے بھاری رقوم لے کر غیر ملکیوں کو پاکستانی ریکارڈ میں شامل کرایا۔
نادرا حکام نے بتایا کہ جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کے کارڈ خودکار طریقے سے بلاک ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
بلاک شدہ شناختی کارڈ رکھنے والوں کو نادرا دفتر جاکر تصدیق کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ، مقررہ مدت کے بعد تصدیق نہ کرانے والے شناختی کارڈز کو منسوخ کردیا جائے گا۔






















