چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے 27 ویں ترمیم کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو خطرے میں نہ ڈالیں ، ستائیسویں ترمیم آئین اور پارلیمنٹ کی روح کے منافی ہے ، بعض لوگوں کو پاور دیں گے تو وفاق خطرے میں آئے گا ۔ ملکی سالمیت اور عدلیہ کو مزید داؤ پر نہ لگائیں ۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ 27 ویں ترمیم سے متعلق ہم سے رابطہ ہوا نہ مسودہ شیئر ہوا، حکومت ہم سے مسودہ شیئرکرنے کی ضرورت بھی نہیں سمجھتی، جب ترمیم پارلیمنٹ میں آئی تو دیکھیں گے، ان کی ترامیم لے اور دے کا کھیل ہوتی ہیں 26 ویں ترامیم میں بھی انکی ترامیم زیادہ تھی آخرمیں 4 پراختلافات سامنےآئے، ابھی بھی یہ ترمیم کی شقیں زیادہ رکھیں گے لیکن آخر میں ایک دو پر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس طریقےسےکبھی پارلیمان میں ترامیم نہیں لائی جاتیں، ہم اسمبلی اجلاس میں بھرپور احتجاج کریں گے، ہم اپنی پالیسی پر قائم ہیں کمیٹیوں سے بائیکاٹ کریں گے، پہلے بھی 26 ویں ترمیم رات کے اندھیرے میں لائی گئی تھی، پہلے عدلیہ کو داؤ پر لگایا گیا اب وفاق کو داؤ پر لگایا جارہا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی درجہ حرارت کم ہو، ہمارے ساتھ حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پورےملک میں گونج ہےوفاق صوبوں پر حملہ آور ہونے لگا ہے ، ایوان میں موجودلوگوں کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے ، آئین میں ترمیم عام بات نہیں، قوم کی ضرورت کےمطابق ترامیم ہوتی ہیں، امریکا میں قانون کی عملداری ہے،اس لئے مضبوبط ہے، 26 ویں ترمیم میں جوترامیم باقی رہ گئیں،انہیں پورا کرنے جا رہے ہیں، وفاق کو خطرے کا سامنے ہے،ایوان میں آواز بلند کریں گے، پاکستان کی سالمیت کو خطرے میں نہ ڈالیں، عوام انتشار کا سامنا کررہےہیں۔






















