وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ہر صورت دہشتگردی کا مقابلہ اور اس کا خاتمہ کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ فارم 47 پر آنے والے کس منہ سے پاکستان تحریک انصاف پر پابندیاں لگا رہے ہیں، ملک کو چیلنجز درپیش ہیں اور امن و امان کی صورتحال خراب ہے، صوبوں کو انکا جائز حق نہیں دیا جا رہا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے متعلق ہمارا موقف درست تھا، سپریم کورٹ آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، الیکشن کمشنر کو استعفی دے دینا چاہیئے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتی کے لیے طریقہ کار پر عمل کریں ، ایڈہاک پر تعیناتی درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنی سیاست بچانے کے لیے اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں، کھل کر سامنے آئیں اور بات کریں ، پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی کی گئی، ہمارے ساتھ ظلم ہوا اور یہ خاموش رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لائن لاسز پر قابو پایا ہے جس سے لوڈشیڈنگ کم ہوئی ہے، شہریوں کو سولر پینل لگا کر دیں گے۔