الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق غور کےلیے اہم اجلاس طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن نے 18 جولائی کو اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم پرعملدرآمد کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر حکام بریفنگ دیں گے۔
واضح رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کےلیے اہل قرار دے کر پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا جبکہ 11 ججوں نے تحریک انصاف کو پارلیمانی جماعت تسلیم کرلیا تھا۔
سپریم کورٹ نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کے لیے تحریک انصاف کا حق تسلیم کیا تھا جبکہ عدالت نے 5-8 کے تناسب سے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا آرڈر کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ انتخابی نشان سے محرومی کسی جماعت کا الیکشن میں حصہ لینے کا حق ختم نہیں کرتی۔ پی ٹی آئی سیاسی جماعت تھی اور ہے۔ عدالت نے اضافی مخصوص نشستوں پر انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کی لسٹ کے مطابق مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔