ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے سلسلے میں چھوٹے بڑے شہروں میں مرکزی جلوس اپنے مقرر کردہ روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں۔
جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ راستے سیل ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہیں۔ جلوس کے راستوں میں موبائل فون سروس معطل۔ کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے ۔ لاہور میں جدید کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں جلوس کی سیکیورٹی کے لئے 2000 سے زائد افسران تعینات کردیے گئے، جلوس کی نگرانی ڈرون و سیف سٹی کیمروں سے کی جارہی ہے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ جلوس کے روٹ کو خاردار تاروں اور قنات سے مکمل بند کیا گیا ہے، شرکا جلوس کو صرف مخصوص رستوں سے داخلے کی اجازت ہے، جلوس کے روٹ میں چھتوں پر سنائپر کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں۔ جلوس کے علاقہ میں پرائیویٹ ڈرون اڑانے پر پابندی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نویں اور دسویں محرم کے سیکیورٹی انتظامات ہر طرح سے فول پروف بنانے کا حکم دیتے ہوئے کابینہ اور کیبنٹ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کویوم عاشور پر سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کی ہدایت کردی۔
لاہور میں نویں اور دسویں محرم کو موبائل فون سروس مکمل بند نہیں ہوگی۔ صرف جلوس کے روٹس پر جزوی طور پرمعطل کی جائے گی۔ سکیورٹی خدشات کے باعث لاہورمیں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس جزوی طور پرمعطل رہے گی۔
پنجاب حکومت نے موبائل فون سروس بند نہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ کہا کہ صرف جلوس کے راستوں پر صبح 8 بجے سے 10 دس بجے تک جزوی طور پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔
کراچی میں آج اور کل ڈبل سواری پر پابندی ہوگی ۔ جلوس کے راستوں میں موبائل فون سروس بھی بند ہونگی۔ جلوس اور مجالس والے علاقوں میں سروس معطل رہے گی۔
کوئٹہ کے مختلف مقامات پار چھوٹے بڑے پیمانے پر عزاداری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مجالس بھی برپا کی جارہی ہیں، کوئٹہ میں موبائل فون سروس مکمل بند کر دی گئی۔