جاپان پاکستان کو بچوں کی صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے 2 ارب 91 کروڑ جاپانی ین کی گرانٹ دے گا،معاہدے پر دستخط ہوگئے،رقم سےجنوبی پنجاب میں چلڈرن اسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
جاپان نے پاکستان کو بچوں کی دیکھ بھال کے شعبے میں تعاون کے لیے 2 ارب 91کروڑ جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرنےکا اعلان کر دیا ہے،جس کے معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے ہیں۔ ترجمان اقتصادی امور کے مطابق جائیکاکی یہ گرانٹ مالیت کے لحاظ سےایک کروڑ 86 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ہے، جو جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت کی سہولیات پر خرچ کی جائے گی۔
گرانٹ کے تحت چلڈرن اسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ آئی سی ایچ ملتان کو خطے کے سب سے بڑے چائلڈ ٹرشری کیئر اسپتال کے طور پر مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم اور جاپان کی جانب سے سفیر اکا ماتسو شوئچی نے معاہدے پر دستخط کیے۔
سیکرٹری اقتصادی امور کا کہنا ہےکہ منصوبے کی کامیابی کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی اوردونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، جبکہ جاپانی سفیر نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے اور باہمی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔




















