پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آلراؤنڈر خالد عباد اللہ 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سابق پاکستانی آل راؤنڈر عباد اللہ کا مختصر مگر قابل ذکر بین الاقوامی کیریئر تھا، انہوں نے 1964 اور 1967 کے درمیان پاکستان کے لیے صرف چار ٹیسٹ میچز کھیلے اور وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بھی تھے۔
عباد اللہ نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 1964 میں آسٹریلیا کے خلاف کراچی میں کیا تھا اور انہوں نے پہلی اننگز میں 166 رنز بنائے جو ان کے کیرئیر کا بہترین سکور بھی رہا۔
خالد عباد اللہ نے 1967 میں انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں اپنا چوتھا اور آخری ٹیسٹ کھیلا تھا جبکہ ٹیسٹ میں واحد وکٹ بھی انہوں نے اپنے نام کی تھی۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا زیادہ تر حصہ کاؤنٹی کرکٹ میں واروکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے گزارا اور 377 میچز میں 26.32 کی اوسط سے 14,766 فرسٹ کلاس رنز بنائے جس میں 17 سنچریاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے اپنی آف بریک بولنگ سے418 وکٹیں بھی حاصل کیں۔